Pakistan

خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کی تیاری

پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور پولیس شہدا کے ورثا کے لیے فلاحی پیکیج میں بہتری سے متعلق تجاویز کی سمری جلد تیار کرکے بھجوانے کی ہدایت کردی۔گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس کی تنخواہوں میں اضافے، شہدا کے ورثا کی فلاح و بہبود اور زخمی و شہدا پیکیج 2025 میں اضافے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مشیر داخلہ کفایت اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ امجد علی خان اور دیگر اعلی پولیس حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تجاویز پر گورنر کو بریفنگ دی۔اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تنخواہوں میں اضافے کے لیے تجاویز پر مشتمل سمری جلد از جلد تیار کرکے ارسال کی جائے۔اجلاس میں پولیس شہدا کے ورثا کے لیے مجوزہ فلاحی پیکیج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سلسلے میں زخمی و شہدا پیکیج 2025 میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ شہدا کے ورثا کو پلاٹ فراہم کرنے کے بجائے نقد مالی معاونت دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔اجلاس میں پولیس شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے اور شہدا کے بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے آئی جی پولیس کی جانب سے پیش کردہ تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان پر مبنی سمری جلد از جلد تیار کرکے بھجوائی جائے۔اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کا مقصد پولیس اہلکاروں کی مالی معاونت اور فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ تاہم، تنخواہوں میں اضافے اور مجوزہ فلاحی پیکیج سے متعلق حتمی منظوری اور عمل درآمد کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *