Pakistan

فوجی بیان آزاد کشمیر کے سیاسی و کاروباری رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان پر مذمت

آزاد کشمیر کے مختلف سیاسی و کاروباری رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی دفاع اور سرحدوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ قومی قیادت کو ایسی گفتگو سے گریز کرنا چاہیے جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد آصف نے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے دفاع کی ضامن ہے اور سرحدوں پر دن رات فرائض انجام دینے والے جوانوں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری رخسار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ وہ پاک فوج سے متعلق اپنا بیان واپس لیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری شعیب ارشد نے بھی بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھارت کی دراندازی کی کوشش کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا تھا۔
استحکام پاکستان پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما محمد علی شان سونی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج سے متعلق ایسی گفتگو مناسب نہیں، جس سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوں۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میرپور راجہ نوید اختر نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ ان کے مطابق پاک فوج کے فیصلوں نے بھارت کو عالمی سطح پر مشکلات سے دوچار کیا۔
میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عمر جرال نے بھی قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیان بازی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر دن رات ملک کی حفاظت کرتے ہیں، جس کے باعث عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *