Blog
سہیل آفریدی بزدل سہیل آفریدی اپنی دھرتی کا دفاع کرنے کو تیار نہیں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلی سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی بزدل ہیں وہ اپنی دھرتی کا دفاع کرنے کے لیے تیار نہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی 19ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے صوبے صرف آئینی اور قانونی طریقے سے بن سکتے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان کو دہشت گردی کے خلاف کھل کر بات کرنی چاہیے تھی۔ان کا کہنا تھا کہ 18اکتوبر ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی، استقبال کے لیے آنے والے جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اپنی قائد کی حفاظت کی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کا لہو گواہی دیتا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، شہید بینظیر بھٹو نے اپنے آخری جلسے میں بھی کہا تھا کہ کچھ قوتیں سوات میں پاکستان کی رٹ نہیں دیکھنا چاہتیں۔بلاول کے مطابق 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد سوات میں فوجی آپریشن شروع کیے گئے اور بینظیر بھٹو کا وعدہ پورا کیا گیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست دلوائی گئی، تاہم بعد میں پاکستان کی جیلوں میں قید دہشت گردوں کو رہا کرانے کے فیصلوں کے باعث ملک آج نقصان اٹھا رہا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب پھر حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ بعض قوتیں سوات سے پاکستانی پرچم اتارنا چاہتی ہیں، خیبر سے خضدار تک دہشت گردی کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔