Pakistan

آن لائن جال کراچی میں 13 سالہ بچی کو خطرناک آن لائن ٹاسک سے بچا لیا گیا

کراچی: بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ آن لائن نیٹ ورک میں پھنسی 13 سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر ڈارک ویب سے منسلک ایک گروہ آن لائن ٹاسک دے رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلے ٹاسک میں بچی سے بلی کو زہر دے کر ہلاک کروایا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں اسے خود کو شدید نقصان پہنچانے کا حکم دیا گیا۔
تاہم بچی کی جانب سے دوسرا ٹاسک مکمل کرنے سے پہلے ہی این سی سی آئی اے کی ٹیم اس تک پہنچ گئی اور اسے بچا لیا۔ حکام کے مطابق بچی کے والدین اس کی آن لائن سرگرمیوں اور مبینہ نیٹ ورک سے رابطوں سے مکمل طور پر لاعلم تھے۔
این سی سی آئی اے نے بچی سے رابطے میں رہنے والے آن لائن اکاؤنٹس کی چھان بین شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ یہ پہلو بھی زیرِ تفتیش ہے کہ آیا مذکورہ نیٹ ورک پاکستان میں دیگر بچوں کو بھی اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کر رہا تھا۔
حکام کے مطابق تحقیقات کا مقصد نیٹ ورک سے منسلک افراد اور اکاؤنٹس کی شناخت کرنا اور ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے دیگر بچوں کا پتا لگانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *