Pakistan

بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا نے فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد: نیپرا نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا۔
حکام کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے لاگت آئی، جس میں ایل این جی، درآمدی کوئلے، ڈیزل، فرنس آئل اور مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار شامل ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک جانے کا خدشہ تھا، تاہم دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے اسے 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا گیا۔
واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *