Blog
سرخ آسمان بھارت میں سمندری طوفان ارنب کے اثرات کے دوران آسمان گہرے سرخ رنگ میں تبدیل، ویڈیوز وائرل

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے کراندول میں آسمان اچانک گہرے سرخ رنگ کا ہوگیا، جس کے مناظر نے شہریوں کو حیران کردیا اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔
یہ غیر معمولی منظر ایسے وقت میں سامنے آیا جب سمندری طوفان ارنب آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اندرونِ ملک پیش قدمی کررہا تھا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور خراب موسم کا سلسلہ جاری تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں پورا آسمان سرخی مائل دکھائی دے رہا ہے۔ بعض افراد نے اسے طوفان کے اثرات قرار دیا ہے، تاہم آسمان کے غیر معمولی رنگ کی اصل وجہ کی تاحال آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
ماہرین کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث فضا میں گردوغبار، ریت اور سرخ آئرن والی مٹی کے ذرات پھیلنے سے آسمان سرخ دکھائی دے سکتا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔