Blog
گینگ ریپ سوات میں خاتون سے زیادتی، دوپولیس اہلکارگرفتار

ضلع سوات کے علاقے مینگورہ میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں دو حاضر سروس پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں تفتیش کے بہانے روکا اور پھر اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی اطلاع دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔واقعے کے خلاف خاتون کی مدعیت میں تھانہ رحیم آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ سوات پولیس نے دونوں نامزد اہلکاروں کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس کو دی گئی رپورٹ کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ مدین سے واپس پشاور جارہی تھی کہ مینگورہ کے علاقے اینگرو ڈھیرئی میں دو پولیس اہلکاروں نے انہیں تفتیش کے بہانے روک لیا۔خاتون کے بیان کے مطابق اہلکار انہیں فضاگٹ کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل لے گئے، جہاں مبینہ طور پر ان کے ساتھ سنگین جرم کا ارتکاب کیا گیا، متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دینے کی صورت میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔سوات پولیس کے مطابق خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے دونوں نامزد پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔