Blog
انمول پنکی کے خلاف شواہد کی فرانزک جانچ میں نیا موڑ

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات سمیت دیگر مقدمات کی سماعت کے دوران پولیس نے ملزمہ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ کے لیے درخواست دی ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کی وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز، کال ریکارڈنگ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب لیبارٹری بھجوانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزمہ سے متعلق مختلف ڈیجیٹل شواہد حاصل ہوئے ہیں جن میں وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز اور کال ریکارڈنگ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے ان ریکارڈنگز اور میسجز کو اپنا تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ ملزمہ کا مؤقف ہے کہ وائس میسجز اور ریکارڈنگ میں موجود آواز اس کی نہیں ہے، اس لیے تمام ڈیجیٹل شواہد کو پنجاب لیبارٹری بھجوا کر فرانزک تجزیہ کرایا جانا ضروری ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تمام ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ پنجاب لیبارٹری سے کرانے کا حکم دیا جائے تاکہ سائنسی بنیادوں پر شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق فرانزک رپورٹ سے یہ تصدیق ہو سکے گی کہ مذکورہ وائس ریکارڈنگ، وائس میسجز اور کال ریکارڈنگ میں موجود آواز ملزمہ کی ہے یا نہیں۔