Blog
افغان طالبان کی شادی بیاہ کی رسومات پر نئی پابندیاں منگنی، مہندی اور دلہن کے میک اپ سمیت متعدد روایات کو غیر شرعی قرار دے دیا گیا

افغانستان میں طالبان حکومت نے شادی بیاہ کی تقریبات سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے برسوں سے رائج مختلف رسومات کو غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دیا ہے۔ ان رسومات میں دلہن کے میک اپ، خواتین کے پرفیوم کے استعمال، منگنی میں انگوٹھیوں کے تبادلے، موسیقی، رقص اور آتش بازی سمیت متعدد رسومات شامل ہیں۔
افغان طالبان حکومت کی وزارتِ حج و اوقاف نے حال ہی میں مساجد کے آئمہ اور خطیبوں کے لیے 10 صفحات پر مشتمل دستاویز جاری کی ہے جسے جمعہ کے خطبات میں عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ملک بھر کی مساجد کے علما کو جمعے کے خطبے میں شادی سے قبل اور بعد کی ایسی رسومات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جنہیں اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
افغان طالبان کی جانب سے جاری کی گئی 10 صفحات پر مشتمل دستاویز کے مطابق شادی اور منگنی سمیت دیگر تقریبات میں دلہن کا میک اپ، مصنوعی بال لگوانا اور خواتین کی جانب سے پرفیوم کا استعمال شرعاً جائز نہیں ہے۔