عائشہ عمر کا اپنی لیک تصاویر کے تنازع پر تبصرہ

معروف پاکستانی اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے کئی برس بعد ساحل پر چھٹیاں منانے والی اپنی لیک تصاویر سے متعلق تنازع پر بات کی ہے۔
عائشہ عمر نے حال ہی میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ میں اپنی قریبی دوست اداکارہ ماریہ واسطی کے ساتھ تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزار رہی تھی جب میری نجی تصاویر لیک ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک تصویر میں سوئمنگ سوٹ پہنے ہوئے تھی جب کہ دیگر تصاویر میں موسمِ گرما کے لباس اور اسکرٹس میں ملبوس تھی، تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد مجھے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے منفی اثرات میرے پیشہ ورانہ کیرئیر پر بھی پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت کئی پروڈیوسرز خواتین کے لیے ایک مخصوص سماجی تاثر کو اہمیت دیتے تھے،جس کی وجہ سے مجھے بعض کاموں سے بھی محروم ہونا پڑا۔

سونا سستا ہوگیا؛ عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں بڑی کمی

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں آج قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ ہوئی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج منگل کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 104 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 98 ڈالر فی اونس ہو گئی۔دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 400 روپے کی کمی آئی، جس کے نتیجے میں نئی قیمت 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے اور اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 9360 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے کی سطح پر آ گئی۔دریں اثنا مقامی سطح پر فی تولہ چاندی کی قیمت 487 روپے کی کمی سے 6ہزار 664 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 438روپے کی کمی سے 5ہزار 641روپے کی سطح پر آگئی۔

کاروباری خواتین کیلئے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل قرضہ اسکیم متعارف

کراچی: کاروباری خواتین کیلئے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل قرضہ اسکیم متعارف کرادی گئی۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے خودمختار خاتون پروگرام کے تحت 15 لاکھ رروپے تک فنانسنگ کی منظوری دے دی۔خواتین کی زیرِ نگرانی چلنے والے مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز کے لیے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل قرضہ پروڈکٹ کی منظوری دی گئی ہے۔کمپنی کاروباری خواتین کو ان کے کریڈٹ اسسمنٹ کے نتائج کی بنیاد پر ایک لاکھ روپے سے لے کر 15 لاکھ تک کی ایسٹ فنانسنگ فراہم کرے گی

2018 میں پی ٹی آئی حکومت جائز تھی تو یہ بھی جائز ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکا معاہدہ ہوا ہے، آج ایران امریکہ کے درمیان جنگ بندی ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے ساٹھ روز میں ایم او یو کے مطابق تکنیکی مذاکرات ہوں گے، ساٹھ روزبعد امریکہ ایران ایک مستقل عالمی امن معاہدے تک پہنچیں گے، کل کے دنیا تمام اخبارات نے پاکستان کی کامیابی سفارتکاری کی تعریف کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آج ایران کے صدر پاکستان تشریف لا رہے ہیں، آج ان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیاں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے گفتگو ہوگی، آج کا دن اختلافی معاملات اٹھانے کا دن نہیں تھا، اپوزیشن لیڈر نے جو بات کی وہ حقائق کے خلاف ہے، کہ یہ غیر قانونی حکومت ہے۔ان کا کہنا تھا 2018 کے الیکشن کی تحقیقات کر لیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جاتا ہے، اس میں اگر جادوگری نہیں ہوئی اور بکسے نہیں بھرے گئے، اگر وہ جائز حکومت ہے تو یہ بھی جائز حکومت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بتایا جائے سال 2018میں کیا لوگوں کو پٹے پہنا کر حکومت نہیں بنائی گئی، اگر سال 2018کی حکومت جائز ہے تو یہ بھی جائز ہے، گزشتہ انتخابات اور 2018 کے انتخابات کی تحقیقات کروا لیں، بات نکلی تو بہت دور تلک جائے گی۔

خطے کی بدلتی صورتحال میں ایرانی صدر کا اہم دورۂ پاکستان

ایرانی صدرمسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں ان کے طیارے نے اسلام آباد کے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا۔
نور خان ائیر بیس پر صدرآصف زردرای، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر جس طیارے پر پاکستان آئے اس کا نام ’میناب‘ ایران میں اسکول پر حملے میں شہید بچوں کے نام پر رکھا گیا ہے۔
ایرانی حکام کاکہنا ہےکہ دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا ہے، وہ اپنے دورے میں ثالثی کردار پر وزیرا‏عظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

قومی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے بجٹ 27-2026 کی منظوری دے دی۔ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جہاں اراکین نے بجٹ 27-2026 کی منظوری دی۔ بجٹ منظور کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ فنانس بل 27-2026 کے مطابق یکم جولائی سے 2 ہزار سے 3 ہزار سی سی تک کی درآمدی گاڑیوں پر86 فیصدڈیوٹی ہوگی جب کہ 3001 سی سی کی امپورٹڈ گاڑیوں پر 92 فیصد ڈیوٹی عائد ہوگی۔فنانس بل کے تحت یکم جولائی سے پاکستان نیوی بینیولنٹ ایسوسی ایشن اور ایس آئی یو ٹی پر ٹیکس معاف ہوگا۔دوسری جانب صوبائی ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشنز اور اورنگی ٹاؤن کے ویلفیئر ادارے، میک اے وش فاؤنڈیشن کو ٹیکس رعایت حاصل ہے۔

18واں گول اور نئی تاریخ, “ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ریکارڈ میسی کے نام

ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے مینز فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ آسٹریا کے خلاف میچ میں گول کرکے انہوں نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنے گولز کی تعداد 17 کر لی اور جرمنی کے سابق اسٹار میرو سلاف کلوزے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 میں لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف گروپ جے کے میچ کے 39 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی اور اسی کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میچ کے آغاز میں لیونل میسی پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے تھے تاہم بعد ازاں انہوں نے گول کرکے ورلڈ کپ میں اپنے گولز کی تعداد 17 کر لی اور جرمنی کے سابق اسٹار کھلاڑی میرو سلاف کلوزے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
اس سے قبل میسی نے 16 جون کو الجزائر کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے میروسلاف کلوزے کے 16 گولز کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی 11 ویں جب کہ ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔
ریکارڈ کی برابری کے بعد لیونل میسی نے کہا تھا کہ میروسلاف کلوزے اور رونالڈو نازاریو جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا نام شامل ہونا اعزاز کی بات ہے تاہم ان کے نزدیک یہ صرف اعداد و شمار ہیں۔ انہوں نے کیلین ایمباپے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔
لیونل میسی نے اپنا پہلا ورلڈ کپ گول 16 جون 2006 کو سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف کیا تھا۔ 20 سال بعد وہ نہ صرف ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں بلکہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر بھی ہیں۔
اس گول کے بعد ارجنٹائن کے لیے لیونل میسی کے بین الاقوامی گولز کی مجموعی تعداد 120 ہو گئی ہے جب کہ اس فہرست میں ان سے آگے صرف کرسٹیانو رنالڈو ہیں، جن کے نام 143 بین الاقوامی گولز درج ہیں۔

آبنائے ہرمز پر ایران کا بڑا دعویٰ، جنگ کے بعد نئی حکمتِ عملی کا اشارہ

 ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اب ایران کے انتظام و نگرانی میں رہے گی اور جنگ سے پہلے کی صورتحال دوبارہ بحال نہیں ہوگی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق محمد باقر قالیباف نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات سے واپسی پر کہا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی قوانین کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے زیر انتظام رہے گی اور اس حوالے سے ایران کا مؤقف واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مختلف معاملات پر مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ قالیباف کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر بورگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات میں کئی اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اپنے ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران اچھی کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن میں آبنائے ہرمز سے متعلق امور، لبنان کی صورتحال، ایرانی تیل کی فروخت کے لیے ممکنہ رعایتیں اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں کی واپسی جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
ایرانی چیف مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران فریقین نے خطے میں استحکام، معاشی تعاون اور کشیدگی میں کمی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان کے مطابق ایران اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اور اقتصادی حقوق کے تحفظ کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھے گا۔

حکومت کا ملک بھر میں فیول سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

ایندھن کی عالمی قیمتوں میں کمی کے سبب اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد حکومت نے ملک بھر میں فیول سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی منظوری سے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فیول سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثنا اسحاق ڈار کی ہدایت پر عوامی خدمات کی بہتری کے لیے ڈیٹا اور ترسیل کے نظام میں خامیاں دور کی جائیں گی۔

آبنائے ہرمز کھل گئی، مگر ٹرمپ کا ایران کو آخری انتباہ

امریکا کے صدر ڈونلد ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل گئی ہے اور ایران اس آبی گزر گاہ میں بہت اچھا کام کر رہاہے، تاہم اگر ایران نے معاہدے کی پابندی نہ کی تو ضروری اقدام کروں گا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ خطے میں بحری تجارت کے لیے اہم سمجھی جانے والی آبنائے ہرمز اب مکمل طور پر فعال ہے۔
انہوں نے کہا آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل گئی ہے اور ایران اس معاملے میں بہت اچھا کام کر رہا ہے۔تاہم امریکی صدر نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار بھی کیا کہ اگر تہران نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو امریکا وہ اقدامات کرے گا جو ضروری ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ایران امریکا اور بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کرتا رہے گا دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کا کوئی تنازع پیدا نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایران جلد بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے معائنے پر رضامند ہو جائے گا اور طویل مدت کے لیے جوہری شفافیت کو یقینی بنانے پر آمادہ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ سب لوگ اس بات سے پوری طرح آگاہ ہیں کہ ایران مستقبل میں جوہری دیانت داری کو یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر ہتھیاروں کے معائنے پر رضامند ہوگا۔
دوسری جانب ایران نے بھی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس کے لیے ملکی قوانین اور اعلیٰ قومی اداروں کے فیصلوں کی پابندی کو لازمی قرار دیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جاری رکھے گا۔