بڈھ بیر میں مدرسے کی طالبہ کیساتھ اجتماعی زیادتی

پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں مدرسے کی 15 سالہ طالبہ کیساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کا مقدمہ تھانہ بڈھ بیر میں متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج، کیا گیا ہے ،پولیس کے مطابق بچی مدرسے جارہی تھی، راستے میں ملزم نے کپڑے لے جانے کے بہانے اسے اپنے گھر بلایا جہاں ملزم اور وہاں پہلے سے موجود دیگر دو افراد نے بچی کواجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، بچی کے والد کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر جرگہ کی وجہ سے ہوئی،علاقہ عمائدین فریقین کے درمیان صلح کرانا چاہتے تھے

ایران امریکا مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ ہوں گے، پاکستان بھی شریک ہوگا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ٹیکنیکل مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ ہوں گے اور پاکستان کا وفد بھی ان مذاکرات میں شریک ہوگا۔ترجمان کے مطابق فریقین کے مابین مذاکراتی عمل جاری رہنا ہی ایک مثبت نتیجہ ہے اور پاکستان اس پورے عمل میں مذاکرات اور ڈائیلاگ پر یقین رکھتا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا، جس نے وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان کے مطابق ایرانی صدر کے دورے کے دوران مختصر طور پر تجارتی تعلقات پر بھی بات ہوئی، جبکہ ایران پر اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاک ایران معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ گیس پائپ لائن کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ انہیں اس کی تفصیلات کا علم نہیں، تاہم تمام امور پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ برگن سٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت ہوئی جس میں پاکستان اور قطر نے بطور ثالث شرکت کی۔ مذاکرات میں متعدد نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں مزید پیش رفت کے لیے فریقین سے رابطے میں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث متعدد ممالک کی جانب سے ملنے والی تعریف اور حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے۔ عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے اور پاکستانی میڈیا نے بھی اس پورے عمل میں ذمہ داری، پیشہ ورانہ رویے اور اعتماد سازی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 18 جون کو پاکستان نے دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیلی حملوں کی مذمت میں مشترکہ بیان جاری کیا، جبکہ رواں ہفتے پاکستان نے 30 ایرانی شہریوں کی برطانوی اور امریکی حراست سے وطن واپسی میں بھی مدد فراہم کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور ڈنمارک کی جانب سے حمایت یافتہ قرارداد 2223 منظور کر لی گئی ہے، جسے 153 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی۔ قرارداد کے مطابق اقوام متحدہ کے امن دستوں پر کسی بھی حملے کو ناقابل برداشت قرار دیا گیا ہے۔صومالی بحری قزاقوں کی جانب سے پاکستانی جہاز اور عملے کو یرغمال بنانے کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ یہ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے کی تکنیکی ٹیم نے جبوتی کا دورہ کیا، جبکہ حکومت نے اس معاملے پر انٹر منسٹریل اجلاس بھی منعقد کیا۔ترجمان کے مطابق پاکستان مقامی این جی اوز، انصار برنی سمیت متعدد اداروں سے بھی رابطے میں ہے تاکہ یرغمال پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھی جا سکیں

چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں، بلاول

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں، ریاست کی پالیسی واضح ہے، چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں، وزیراعظم اپنی ٹیم کو کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا بھی گلگت بلتستان میں پی پی پی کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم لیگ ن نے ہمارے وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو ووٹ دیا، مسلم لیگ ن گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھے گی، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر ن لیگ کا ہوگا۔انہوں ںے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا بھی گلگت بلتستان میں پی پی پی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے دوستوں کے بھی شکر گزار ہیں سب کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل حل کریں گے۔بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران امریکا امن معاہدے کے لیے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں کامیاب ہوں،اس جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ پڑا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں امن ہونے سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ کم کیا جاسکے،پاکستان ایران تعلقات جنگ سے قبل بھی اچھے تھے مگر اب مزید بہتر ہوگئے، پاک ایران پائپ لائن منصوبہ صدر زرداری نے ایران سے کیا تھا حالات بہتر ہونے سے سب سے پہلے پاک ایران گیس پائپ منصوبہ مکمل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کا مشکل میں پاؤں اور آسانی میں گلا پکڑنے کہ بات میں نے نہیں کی یہ پیر پگاڑا نے کی تھی، کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں میں کشمیر میں یہ دن نہیں دیکھنا چاہتا تھا، حکومت ریاست کی پالیسی واضح ہے، عوام اور احتجاج کرنے والے گروپس کے ایشو سب کے سامنے ہیں، ہم چاہتے ہیں تمام مسائل سیاسی طریقے سے حل ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات ملتوی کرنے کی کبھی بات نہیں کی، پی پی کشمیر میں نہ کل الیکشن ملتوی کروانی چاہتی تھی اور نہ آج۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے آیا تھا پاکستان میں پکنک منانے کے لیے نہیں! کلبھوشن یادیو کے ارادے سے آپ سب کے سامنے تھے، بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پاکستان کو نقصان پہنچاتا ہے، پاکستان کو بھارتی اسرائیلی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنا ہوگا، بھارتی اور اسرائیلی سازش کا آسان ہدف بلوچستان ہے، کلبھوش یادیو بھی بلوچستان میں علٰیحدگی پسند تنظیموں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے آیا تھا

ایران کاجوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے سے انکار

ایران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو حالیہ حملوں سے متاثرہ اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ فردو، نطنز اور اصفہان سمیت ان ایٹمی مراکز تک آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی رسائی نہیں دی جائے گی جنہیں حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں سے نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کسی بھی غیر ملکی ٹیم کو ان حساس مقامات تک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ترجمان نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی ہے۔دوسری جانب منجمد اثاثوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کو اپنے منجمد فنڈز کے استعمال میں کسی نئی پابندی یا رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران جوہری تنصیبات کے مکمل معائنے پر رضامند ہو چکا ہے۔ان کے مطابق اگر تہران تیار نہ ہوتا تو مذاکرات کی پیش رفت ممکن نہ ہوتی۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر بحری ناکہ بندی کے لیے امریکی افواج پہلے ہی موجود ہیں تاہم فی الحال ایسی کسی صورتحال کا امکان کم ہے۔انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ایران کے منجمد اثاثے امریکی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے نگرانی میں رکھے جائیں گے

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مالی سال 2024-25ء کیلئے آڈٹ سال 2025-26ء کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ناقص پروفائلنگ اور نظام اور ضابطے کی کمزوریوں کے باعث سرکاری ملازمین، گاڑیوں کے مالکان اور دہری اندراج رکھنے والوں سمیت 6 لاکھ سے زائد نااہل افراد کو اربوں روپے کی بے ضابطہ ادائیگیاں کی گئیں۔ آڈٹ میں بی آئی ایس پی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (بی آئی ایس پی ایم آئی ایس) میں شریک حیات کے ڈیٹا کی پروفائلنگ میں سنگین کمزوریاں سامنے آئیں، جن کے تحت 601850 کیسز میں 25 ارب روپے سے زائد مالی مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ دی نیوز کے پاس موجود سرکاری آڈٹ دستاویز کے مطابق مالی سال 2024-25ء کے دوران بی آئی ایس پی نے غیر مشروط نقد منتقلی (یو سی ٹی) پروگرام کے تحت 12078 سرکاری ملازمین، پنشنرز یا ان کے شریک حیات کو 515.712 ملین روپے ادا کیے، حالانکہ 24 دسمبر 2019ء کو وفاقی کابینہ کی ہدایت کے تحت سرکاری ملازمین اور ان کے شریک حیات کو اس پروگرام سے واضح طور پر خارج کیا گیا تھا۔ 1) حاضر سروس سرکاری ملازمین: گریڈ ایک تا 16 کے 673 مستفیدین کو 25.20 ملین روپے اور گریڈ 17 کے 8 مستفیدین کو 0.09 ملین روپے ادا کیے گئے۔ 2) حاضر سروس ملازمین کے شریک حیات: گریڈ ایک تا 16 کے 9124 مستفیدین کو 402.80 ملین روپے اور گریڈ 17 سے 20 کے 87 مستفیدین کو 2.54 ملین روپے ادا کیے گئے۔ 3) پنشنرز: گریڈ ایک تا 16 کے 218 افراد کو 7.41 ملین روپے اور گریڈ 17 سے 18 کے 22 افراد کو 0.70 ملین روپے دیے گئے۔4) پنشنرز کے شریک حیات: گریڈ ایک تا 16 کے 1847 مستفیدین کو 74.16 ملین روپے اور گریڈ 17 سے 20 کے 107 مستفیدین کو 2.81 ملین روپے ادا کیے گئے۔ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے ان مستفیدین کی فوری بلاکنگ اور رقوم کی واپسی کی ہدایت جاری کی ہے

ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ، کانگریس کا ایران جنگ روکنے کا مطالبہ

امریکی کانگریس نے ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی روکنے یا مزید کارروائی سے قبل کانگریس کی منظوری لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ریپبلکن اکثریت رکھنے والی سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد کے حق میں 50 جبکہ مخالفت میں 48 ووٹ آئے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ریپبلکن ارکان نے بھی ڈیموکریٹس کا ساتھ دیتے ہوئے قرارداد کی حمایت کی۔ اس سے قبل ایوان نمائندگان بھی اسی نوعیت کی قرارداد کی منظوری دے چکا ہے۔اگرچہ یہ قرارداد قانونی طور پر پابند نہیں اور نہ ہی اسے صدر کے دستخط کے لیے بھیجا جائے گا تاہم سیاسی حلقوں میں اسے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ کانگریس کے اندر ایران پالیسی پر اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے ساتھ جاری تنازع پانچویں ماہ میں داخل ہو چکا ہے اور جنگ کے ساتھ ساتھ امن معاہدے پر بھی واشنگٹن میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔متعدد ریپبلکن اراکین نے بھی ایران کے ساتھ طے پانے والے حالیہ امن منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔امریکی سیاسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ 1973 کے وار پاورز ایکٹ کے بعد کانگریس کے دونوں ایوانوں نے کسی صدر کو جاری فوجی کارروائی ختم کرنے سے متعلق مشترکہ مؤقف اختیار کیا ہے۔امورِ مشرق وسطیٰ کی ماہر لورا بلومن فیلڈ کے مطابق اس اقدام کی علامتی اہمیت ضرور ہے لیکن قانونی حیثیت نہ ہونے کے باعث یہ صدر کے اختیارات پر عملی قدغن نہیں لگا سکتا۔

لوئر دیر میں پولیس اور خوارج کے مابین جھڑپ، 6 دہشت گرد ہلاک

لوئر دیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں پولیس اور خوارج کے مابین جھڑپ کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق برچڑی پہاڑی میں دہشت گردوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔جھڑپ کے دوران مارے گئے 6 دہشت گردوں کی لاشیں جنگل میں پڑی تھیں، جن میں سے 4 دہشت گردوں کی لاشیں پولیس نے قبضے میں لے لیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کی ستائش کی۔انہوں نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔

خواتین اچھی نیند کے باوجود خود کو زیادہ تھکا ہوا کیوں محسوس کرتی ہیں؟

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خواتین اکثر اچھی اور مناسب نیند لینے کے باوجود اپنی نیند کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ خراب قرار دیتی ہیں۔جرنل سلِیپ ایڈوانسز میں شائع ہونے والے مطالعے میں محققین نے تقریباً 500 افراد کے نیند کے دوران دماغی سرگرمی، سانس لینے کے عمل اور جسمانی حرکات کا جائزہ لیا، جس کے بعد شرکا سے ان کی رات کی نیند کے معیار سے متعلق رائے لی گئی۔نیند کی اصل پیمائش کے مطابق خواتین کئی بار مردوں سے بہتر نیند لے رہی تھیں لیکن پھر بھی وہ اپنی نیند کو کم معیاری سمجھتی تھیں۔سویڈن کے کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر ٹوربجورن آکرشٹڈ کے مطابق یہ ایک دلچسپ تضاد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر مرد رات کے دوران ہونے والی مختصر بیداریوں کو خواتین کی نسبت کم محسوس کرتے یا یاد رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند کے بارے میں زیادہ مثبت رائے رکھتے ہیں۔تحقیق میں معلوم ہوا کہ خواتین رات کے دوران کتنی بار جاگیں، اس کا اندازہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ درست لگا سکیں۔ دوسری جانب مرد اکثر اپنی رات کی مختصر بیداریوں کی تعداد کم سمجھتے رہے۔محققین کے مطابق مردوں میں جاگنے کے دورانیے عموماً کم تھے اور جو مرد چند لمحوں کے لیے جاگتے تھے وہ بھی اپنی نیند کو بہتر قرار دیتے تھے۔ جبکہ خواتین نے مختصر بیداریوں کے باوجود اپنی نیند کو زیادہ خراب محسوس کیا۔تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ مردوں اور خواتین کی نیند کے تجربات میں فرق مزید نمایاں ہونے لگتا ہے

پنکی کے مالیاتی ریکارڈ کی چھان بین، بند کرائے گئے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل

کراچی: انمول عرف پنکی کے مالیاتی ریکارڈ کی چھان بین میں پنکی کے ایک بند کرائے گئے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل بھی سامنے آگئی۔غیر ملکی بینک کی برانچ کا اکاؤنٹ جنوری 2017 سے دسمبر 2024 تک زیر استعمال رہا جس میں سے 1439 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 6 کروڑ 40 لاکھ48 ہزار 848 روپے جمع کرائے گئے۔اکاؤنٹ سے 854 ٹرانزیکشنزکے ذریعے 6کروڑ 38 لاکھ4 ہزار 556 روپے نکلوائے گئے جب کہ 696 کیش ٹرانزیکشنز کے ذریعے 5 کروڑ74 لاکھ26ہزار500 روپے اکاؤنٹ میں جمع ہوئے۔اکاؤنٹ سے2017 میں 22 لاکھ سے زائد، 2018 میں 25 لاکھ سے روپے سے زائد رقم نکلوائی گئی، 2019 میں 16لاکھ سے زائد، 2020 میں 10لاکھ سے زائد اور 2021 میں 6لاکھ سے زائد نکلوائے گئے۔2022 میں نکلوائی گئی رقم 11 لاکھ سے زائد اور 2023 میں 18 لاکھ جب کہ 2024 میں 23 لاکھ سے زائد تھی۔غیر ملکی بینک میں موجود اس اکاؤنٹ کوایک ادارے کے مراسلے پر بند کیا گیا

اداکارہ سوہائے علی کی حالیہ پوسٹ سے طلاق کی افواہیں دم توڑ گئیں

پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ سے ان کی شوہر سے علیحدگی کی تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔سوہائے علی ابڑو کا شمار پاکستان کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم ان کی ذاتی زندگی کچھ وقت سے خبروں کی ذینت بنی ہوئی ہے۔داکارہ کی جانب سے اپنے سوشل اکاؤنٹس پر شوہر کے حوالے سے کوئی اپڈیٹ نہ کیے جانے پر طلاق کی افواہوں نے زور پکڑ لیا تھا۔تاہم اداکارہ نے بیٹی اور شوہر کی ایک ساتھ کچھ تصاویر شیئر کیں جس پر صارفین خوش ہوگئے اور ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں بھی ختم ہوگئیں۔سوہائے علی نےانسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر اور بیٹی کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جس کے کیپشن میں لکھا کہ کوئی بھی باپ بن سکتا ہے لیکن ڈیڈی بننے کے لیے ایک خاص آدمی کی ضرورت ہوتی ہے۔