Blog
باجوڑ میں پولیس کی کارروائی، 14 مارٹر گولے برآمد مارٹر گولے شرپسند عناصر کی جانب سے چھپائے گئے تھے

ویب ڈیسک: ضلع باجوڑ کے علاقے جھانگیر آباد میں پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر شرپسند عناصر کی جانب سے چھپائے گئے 14 مارٹر گولے برآمد کر لیے۔پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ خار کی حدود میں جھانگیر آباد کے علاقے میں کی گئی، جہاں بم ڈسپوزل سکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارٹر گولے برآمد کیے۔بم ڈسپوزل سکواڈ نے برآمد ہونے والے مارٹر گولوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں جہاں 14 مارٹر گولے برآمد ہوئے ہیں، وہیں علاقے کو ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے محفوظ کر لیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خان زیب مہمند کے مطابق باجوڑ پولیس شرپسند عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی، مشکوک سامان یا شرپسند عناصر کی نقل و حرکت کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
ڈی پی او کے مطابق عوام کے تعاون سے علاقے میں امن و امان مزید مستحکم بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت تدارک ممکن ہے