World

جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر میں کرفیو نافذ کردیا گیا

وانا:جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر کی ضلعی انتظامیہ نے 10 اکتوبر کو مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔دفعہ 144کے تحت صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک نقل و حرکت، بازاروں اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق تحصیل وانا، وانا بازار اور وانا بائی پاس میں مقررہ اوقات کے دوران کرفیو نافذ ہوگا۔حکم نامے میں وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک سے درگئی پل تک، جبکہ گل کچ سے توئی خلہ اور تنزی تک مختلف راستوں پر ہر قسم کی ٹریفک، مسافر اور مال بردار گاڑیوں سمیت موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے استثنی حاصل کیا جاسکے گا۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر عرفان علی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق سب ڈویژنز سرواکئی اور لدھا میں بھی 10 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو کے تحت نقل و حرکت محدود رہے گی، جبکہ بازار اور مارکیٹیں بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔حکم نامے میں لدھا، مکین، تبئی سر، بی بی آر، سراروغہ، کوٹکئی، سپینکئی رغزئی اور نذر خیل سمیت مختلف علاقوں کے راستوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اسی طرح درگئی برج، مدیجان، شین ورسک، ملائے خان سرائے، چگملائی اور جنڈولہ سمیت دیگر راستے بھی پابندیوں میں شامل ہیں۔جنوبی وزیرستان اپر میں سرواکئی سے ملائے خان سرائے اور بروند تک، جبکہ اسمان منزہ سے شیروانگی اور تور وام تک کے راستوں پر بھی نقل و حرکت محدود کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ انتظامیہ کے احکامات پر عمل کریں اور کرفیو کے اوقات میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *