Blog
جنید اکبر کی بازیابی کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں وزیراعلیٰ ہاؤس سے اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ درخواست جنید اکبر کے بھتیجے نے محمد انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے، جس میں آئی جی پولیس، سی سی پی او اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق جنید اکبر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر ہیں اور انہیں پہلے وزیراعلیٰ ہاؤس میں حراست میں رکھا گیا، بعدازاں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ دستیاب معلومات کے مطابق سی سی پی او کی موجودگی میں نامعلوم افراد جنید اکبر کو اٹھا کر لے گئے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کے وقت سی سی پی او موقع پر موجود تھے، لہٰذا عدالت ان سے تفصیلی رپورٹ طلب کرے۔