Blog
خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے 478 افراد متاثر پشاور ڈینگی 177 کیسز کیساتھ سرفہرست

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے 478 افراد متاثر ہونے کی تصدیق ہونے کی وجہ سے خطرے کی گھنٹی بج گئی، جبکہ مختلف سرکاری ہسپتالوں میں 2 ہزار 697 مشتبہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود کسی مریض کے جاں بحق ہونے کا کوئی واقع رپورٹ نہیں ہوا۔محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا میں 620 مشتبہ ڈینگی کیسز سامنے آئے، جن میں سے 83 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔رواں سال صوبے میں ڈینگی کے سب سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز پشاور میں 177 رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ کوہاٹ 151 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بنوں میں 31، ہری پور میں 21 جبکہ سوات میں 10 تصدیق شدہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔صحت حکام کی جانب سے ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے متاثرہ اور مشتبہ علاقوں میں سرویلنس اور لاروا کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خلاف صوبے میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔رواں سال 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران 600 مقامات پر ڈینگی لاروا مثبت پایا گیا۔محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے 22 ہزار سے زائد آؤٹ ڈور سائٹس کی بھی چیکنگ کی گئی۔معائنہ کے دوران 304 آؤٹ ڈور سائٹس کو ڈینگی لاروا کے حوالے سے مثبت قرار دیا گیا۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی اور خاتمے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔