Pakistan

خیبرپختونخوا میں 29 جولائی تا 5اگست شدید بارشوں کی پیشگوئی طوفانی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدش

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے، جس میں خیبرپختونخوا میں 29 جولائی تا 5اگست شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 جولائی سے مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونگی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے بارشوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور اپر و لوئر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔اسی طرح سوات، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی اور نوشہرہ سمیت وسطی اور میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس اور کمزور آبادیوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں، جبکہ اس کے علاوہ سیلاب، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکار اور ضروری مشینری ہر وقت تیار رکھی جائے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایات دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے، جبکہ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریاؤں اور ندی نالوں سے کم از کم 20 فٹ کا محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، اور بارش کے دوران سیلابی پانی، ندی نالوں اور دریاؤں میں داخل ہونے سے اجتناب کریں۔سیاحوں کو خصوصی طور پر شدید بارش کے دوران پہاڑی علاقوں میں ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *