Pakistan

ریڈیو پاکستان حملہ کیس،سہیل آفریدی سمیت 5 افراد نامزد تحقیقاتی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردی گئی

ویب ڈیسک:9 مئی 2023 کو پشاور میں ریڈیو پاکستان حملہ، توڑ پھوڑ اور آتشزدگی سے متعلق مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) اور نادرا رپورٹس کی روشنی میں مکمل تحقیقاتی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردی۔پولیس کی پیش کردہ رپورٹ میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران خان بنگش، پی ٹی آئی پشاور کے صدر عرفان سلیم اور عامر خان چمکنی کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پانچ افراد کے نام PFSA اور نادرا سے حاصل ہونے والی رپورٹس اور دیگر تفتیشی مواد کی روشنی میں شامل کیے گئے۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ویڈیوز اور تصاویر فرانزک جانچ کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیجی گئی تھیں، جبکہ افراد کی شناخت سے متعلق معاونت نادرا سے حاصل کی گئی۔پی ایس ایف اے نے فراہم کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کے چہروں میں مطابقت کی نشاندہی کی تھی، تاہم فرانزک رپورٹ میں یہ حتمی طور پر نہیں کہا گیا کہ زیرِ تجزیہ ویڈیوز ریڈیو کستان پشاور کے واقعے ہی کی ہیں۔نادرا کی رپورٹ میں بھی متعلقہ افراد کے شناختی ریکارڈ اور پروفائل تصاویر کے ساتھ ممکنہ مطابقت کا ذکر کیا گیا ہے۔اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت نے پولیس کی پیش کردہ رپورٹ کو نامکمل اور غیر حتمی قرار دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو PFSA اور نادرا رپورٹس کی روشنی میں مکمل تفتیشی ریکارڈ اور حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔عدالت نے خاص طور پر فرانزک رپورٹس کی بنیاد بننے والے شواہد اور مکمل تفتیشی عمل کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دیا تھا۔پولیس کی موجودہ کارروائی کے بعد مقدمے میں نامزد افراد کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ دستیاب رپورٹنگ کے مطابق اس سے قبل 75 ملزمان اس مقدمے میں ٹرائل کا سامنا کر رہے تھے۔نئے نامزد افراد کے خلاف مقدمے میں مزید قانونی کارروائی عدالت کے سامنے موجود تفتیشی ریکارڈ، شواہد اور قانون کے مطابق آگے بڑھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *