Blog
قیمتیں بے قابو ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو، فی کلو 570 روپے تک فروخت

ویب ڈیسک: مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور ظلم، ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو ہو کر فی کلو 570 روپے تک جا پہنچیں۔خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور مبینہ من مانے نرخوں کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں، شہری علاقوں میں ایل پی جی 540 روپے فی کلو جبکہ دیہی علاقوں میں 570 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے، جس سے گھریلو صارفین پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔مقامی سطح پر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور مختلف علاقوں میں الگ الگ نرخ وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ کی تینوں تحصیلوں میں نرخوں پر مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی رپورٹ کے مطابق مالاکنڈ کے شہری علاقوں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 540 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں یہی گیس 570 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ایل پی جی کی قیمتوں میں اس فرق نے صارفین کی تشویش بڑھا دی ہے۔ خصوصاً وہ گھرانے جو کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی پر انحصار کرتے ہیں، انہیں روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔