Blog
سوات موٹر وے، مسافر کوسٹر حادثے کا شکار، 20 افراد زخمی زخمیوں کو علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کر دیا گیا

ملاکنڈ: سوات موٹر وے ٹنل نمبر 3 میں مدین سوات سے پشاور جانے والی مسافروں سے بھری ایک کوسٹر ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور پلئی ہسپتال منتقل کیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹروں کی ہدایات پر انہیں مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ میں زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن اور نظام الدین ٹیم نے بھی ریسکیو 1122 کے شانہ بشانہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان موقع پر موجود رہے اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو بروقت اور مؤثر انداز میں خدمات کی فراہمی کی ہدایات جاری کرتے رہے۔