Blog
سونے کی غیرقانونی کان کنی، بڑے آپریشن کی تیاریاں وزیراعظم آفس سے خفیہ رپورٹ موصول،حکومت متحرک

خیبرپختونخوا میں جاری سونے کی غیرقانونی کان کنی پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، اور وزیراعظم آفس سے موصول ہونے والی چار صفحات پر مشتمل خفیہ رپورٹ میں کوہاٹ ریجن میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے موصول ہونے والی چار صفحات پر مشتمل خفیہ رپورٹ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی پلیسر گولڈ (سونے) کی کان کنی کے خلاف فوری اور مربوط کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی کھدائی روکنے، استعمال ہونے والی مشینری ضبط کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔کان کنی میں سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت، سرپرستی یا سہولت کاری کے الزامات کی آزادانہ طور پر تحقیقات کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، حکومت نے واضح کیا ہے کہ محض ایف آئی آر کا اندراج کافی نہیں ہوگا، بلکہ گرفتاری، چالان، سزا، جرمانے، مشینری کی ضبطی اور غیر قانونی کان کنی کے دوبارہ شروع ہونے سمیت مقدمات کے عملی نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور ، یکرٹری معدنیات، تمام متعلقہ ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو جاری مراسلے میں وزیراعظم آفس سے موصول ہونے والی خفیہ رپورٹ اور محکمہ معدنیات کی جانب سے فراہم کردہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے متعدد اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے