Blog
سکیورٹی تھریٹ نہیں، سکیورٹی سے ہی خطرہ ہے:سہیل آفریدی لاہور کے عوام بڑی تعداد میں خود سڑکوں پر نکلے،وزیراعلیٰ

لاہور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں بلکہ سکیورٹی سے ہی خطرہ ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز لاہور میں ان کی جانب سے کوئی احتجاجی کال نہیں دی گئی تھی، اس کے باوجود لاہور کے عوام بڑی تعداد میں خود سڑکوں پر نکل آئے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی کو یہ بھی نہیں بتایا تھا کہ وہ کہاں جارہے ہیں، تاہم شہری خود ان کے ساتھ نکلے۔وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ پنجاب پولیس نے ان کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے تمام راستے بند کیے، جبکہ جہاں جہاں وہ جارہے تھے وہاں کی لائٹس بھی بند کردی گئیں۔ان کا مزید دعویٰ تھا کہ پیٹرول پمپس بند کرائے گئے اور مالکان کو ان کی گاڑیوں کو پیٹرول فراہم کرنے سے روکا گیا۔سہیل آفریدی کے مطابق ان کے قیام کی جگہ سے ٹینٹ اکھاڑ دیے گئے اور وہاں آنے والے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے کارکنوں کو گرفتار کرکے پریزن وین میں بٹھایا، جس پر انہوں نے احتجاجا پولیس وین پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ بعد ازاں انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ کارکنوں سے بات کرکے انہیں رہا کردیا جائے گا، تاہم ان کے بقول کارکن رہا نہیں کیے گئے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ جب وہ احتجاجاً پولیس وین میں بیٹھے تو انہیں مبینہ طور پر اغوا کرکے گاڑی بھگا دی گئی۔ان کا دعویٰ تھا کہ انہیں تقریباً 15منٹ تک بغیر سکیورٹی کے لاہور کی سڑکوں پر گھمایا گیا اور پھر راستے میں چھوڑ دیا گیا۔انہوں نے اسے ایک بڑا سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سکیورٹی تھریٹ نہیں بلکہ سکیورٹی سے ہی خطرہ ہے۔