Pakistan

سیاسی جاگیرداروں کی اجارہ داری ختم ہونے والی ہے، شفیع جان سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سندھ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا

پشاور:خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی آج سندھ ہائیکورٹ بار میں وکلا کنونشن سے خطاب کریں گے۔شفیع جان نے کہا کہ وکلا کنونشن آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں سندھ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس تحریک میں بھرپور شرکت پر سندھ کے عوام کے مشکور ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ کراچی اور حیدرآباد میں وزیراعلیٰ کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تاہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کا عزم کمزور نہیں کیا جاسکتا۔شفیع جان کے مطابق ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ نے رکاوٹوں کے باعث رات کی تاریکی میں کچے راستوں سے سفر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹول پلازہ پر وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے عوام کے جم غفیر سے مخالفین خوف زدہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط فارم 47کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی بانی چیئرمین عمران خان کی اصل طاقت ہیں،سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کے دیے گئے سیاسی شعور سے ملک پر مسلط نظام خوفزدہ ہے،بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی اور آئین کی بحالی تک پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *