نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ کربلا کے شہدا کی یاد میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، سکھر، حیدرآباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے علاقوں میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں تعزیتی جلسے، جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کا ذکر کیا جائے گا اور شہدائے کربلا کی عظمت کو اجاگر کیا گیا۔اس دن کی مناسبت سے خصوصی مجالس اور دینی محافل منعقد کی جا رہی ہیں جن میں علمائے کرام امام حسینؓ کے پیغام حریت اور ان کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔یوم عاشورہ کی مناسبت سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یوم عاشورہ کے دوران موبائل فون سروس کو بعض علاقوں میں جزوی طور پر معطل رکھا گیا ہے۔ یہ اقدام عوامی تحفظ کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم عاشور منایا جا رہا ہے
26
Jun