Pakistan

شہدا پوری قوم کے ہیں، مولانا بیان واپس لیں: علی امین گنڈاپور شہدا پوری قوم کے ہیں، ان کی قربانیوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے

سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہدا پوری قوم کے ہیں، ان کی قربانیوں کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، جبکہ مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ وہ شہدا سے متعلق اپنا بیان واپس لیں۔
ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب بھی انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف الیکشن لڑا، انہیں شکست دی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو شہدا کے معاملے کو سیاست میں نہیں لانا چاہیے اور عوام نے انہیں مسترد کیا ہے، اس لیے وہ اپنا غصہ شہدا پر نہ نکالیں۔علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان پشین سے فارم 47کے ذریعے منتخب ہو کر آئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شہدا کے لیے مختص 1200 کنال اراضی جی ایچ کیو سے مولانا فضل الرحمان کے نام منتقل کی گئی، تاہم اس حوالے سے انہوں نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر آئینی اور قانونی حقوق فراہم کیے جائیں، ان سے ملاقاتوں پر پابندی ریاستی زیادتی ہے اور انہیں عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن ) کی سیاست کو نورا کشتی قرار دیا۔علی امین گنڈاپور نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت میں ہے۔انہوں نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان مخالف بیانیے پر سیاست کرتے ہیں، تاہم پاکستان نے بھارت کو موثر جواب دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *