عدالت میں بڑا دن، اہم قانونی پیش رفت، بشریٰ بی بی سے ملاقات کی درخواست زیرِ سماعت

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی سے ملاقات اور ذاتی معالج تک رسائی سے متعلق درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے گئے، جس کے بعد عدالت نے پٹیشن کو نمبر لگا کر پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
سماعت کے دوران وکلا سلمان اکرم راجہ، علی بخاری، نعیم پنجوتھہ اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اس نوعیت کے معاملات میں پہلے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے اور اگر ابھی تک جیل حکام سے رجوع نہیں کیا گیا تو آج یا کل میں کر لیا جائے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیر کو کیس پر نمبر لگنے کے بعد اسے سنا جائے گا۔ انہوں نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ کیا پہلے بھی ملاقات نہیں ہو رہی تھی؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کبھی کرا دی جاتی ہے اور کبھی روک لی جاتی ہے۔ اب فیملی ملاقات بھی بند کر دی گئی ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار بشریٰ بی بی کی بیٹی ہیں اور ان کی ملاقات بند نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں اور ان کی سرجری بھی ہو چکی ہے، اس لیے کیس میں ایمرجنسی نوعیت کے پیش نظر فوری سماعت کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج آخری ورکنگ ڈے ہونے کی وجہ سے اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں ۔ کیس کو پیر کے پہلے ورکنگ ڈے پر سنا جائے گا، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *