Pakistan

ملک میں یوم فضائیہ آج منایا جارہا ہے صدراور وزیر اعظم کا خراج تحسین

اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت، مہارت اور جانبازی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اور اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 6 اور 7 ستمبر کو پاک بھارت جنگ میں بھارتی فضائیہ کے 50 سے زائد طیارے مار گرائے تھے۔ لڑائی کا رخ موڑ چکا تھا۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی جنگی مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔ آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے فضائی اڈوں پر 1965 کی جنگ کی یادگاریں آویزاں کی جائیں گی۔یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی، دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔یومِ فضائیہ پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا، یہ ممتازادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کیساتھ لبیک کہا، ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا۔اسی جوش و ولولہ نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی سے ہمکنارکیا۔ان کا کہنا تھا کہ شاہینوں نے مادروطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا اعزاز ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم فضائیہ پر پاکستان ائیر فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم فضائیہ پر شاہینوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرات، شجاعت اور بہادری کی داستانیں رقم کیں۔مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 جدید ترین جنگی طیارے گرا کر سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا- یوم فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے، پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاکستان ائیر فور س کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

Back to list
Older خاتون ٹی وی میزبان سمیت 12 افراد کو سزائے موت سارہ خلیفہ کا فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان مصر کی عدالت نے مشہور ٹی وی میزبان ساراہ خلیفہ اور دیگر 11 افراد کو منشیات کے مقدمے میں سزائے موت سنا دی ہے۔غیرملکی میڈیا نے مصر کے سرکاری اخبار کے حوالے سے بتایا کہ ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ اور سزائے موت پانے والے دیگر افراد کریمنل گینگ کا حصہ تھے جو منشیات میں استعمال ہونے والی اشیا فروخت کرنے کے لیے درآمد کرتے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کے پاس غیرقانونی آتشیں اسلحہ اور بارود بھی تھا۔مصر کی 39 سالہ ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ مشہور ٹی وی پروگرام مشن ایمپوسیبل کی میزبانی کرتی تھیں، جس میں جرائم کے معاملات پر پروگرام پیش کیے جاتے تھے، جبکہ میزبان نے الزامات کی تردید کی ہے۔اس کیس میں ٹی وی میزبان کے ساتھ نامزد دیگر 9 ملزمان کو عمر قید جبکہ 7 افراد کو بری کردیا گیا۔سارہ خلیفہ کے وکیل نے بتایا کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیصلے کا اعلان گزشتہ ماہ کے شروع میں ہوا تھا تاہم ایک ماہ بعد اس کی تصدیق کردی گئی ہے، جس کے لیے عدالت نے مصر کے مفتی اعظم سے شرعی رائے حاصل کی، جو مصر میں سزائے موت کے مقدمات میں قانونی طور پر لازمی ہے۔مقدمے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹرائل کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ حکام نے ملزمان کے قبضے سے 750 کلو گرام منشیات اور درآمد شدہ خام اشیا حاصل کیں۔عدالت میں 20 گواہوں نے بیانات دیے، اس کے علاوہ گفتگو اور ویڈیو کلپس سمیت الیکٹرونک ثبوت بھی جمع کرایے گئے۔مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق جب جج نے ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سے گزشتہ سال ستمبر میں آخری سماعت میں مقدمے میں ان کے کردار سے متعلق پوچھا تھا، جس پر انہوں نے کہا تھا کہ میں نے اس وقت تک منشیات دیکھی بھی نہیں تھی جب تک اینٹی نارکوٹکس حکام کے دفتر کے اندر منشیات کے ساتھ میری تصویر نہیں بنائی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *