ملک پرایسے لوگ مسلط ہیں جو عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئے،سہیل آفریدی

مظفرآباد میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کشمیری عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کشمیری عوام نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہہ کر مثالی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ “رجیم چینج آپریشن” کے بعد کشمیر میں مسلط شدہ ٹولے کا رویہ کشمیری روایات کے منافی ہے، تاہم یہ عناصر اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں اور قبائلیوں کے درمیان دل کا مضبوط رشتہ ہے جو کبھی نہیں ٹوٹ سکتا۔وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان اور کشمیر پر ایسے لوگ مسلط ہیں جو عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئے بلکہ “ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر” اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کو اپنے حقِ رائے دہی کی حفاظت کرنا ہوگی۔سہیل آفریدی نے عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ جرات کے ساتھ اٹھایا۔ ان کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ ناحق قید میں ہیں اور تمام تر آئینی و قانونی راستوں کے باوجود انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ تمام جمہوری و آئینی راستے اختیار کر رہے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی۔انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی جائے گی اور “پورا پاکستان سڑکوں پر نکلے گا”۔ ان کے مطابق اگر ضرورت پڑی تو ہر چوک کو ڈی چوک بنایا جائے گا مگر اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔اجتماع سے پی ٹی آئی رہنماؤں سردار عبدالقیوم نیازی، سلمان اکرم راجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور “حقیقی آزادی” اور عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *