Blog
نوشہرہ میں چکن گونیا کے 6 مثبت کیسز، علاقہ میں خوف سپین کانے کاکا صاحب میں15 مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے

ویب ڈیسک: ضلع نوشہرہ کے علاقے سپین کانے کاکا صاحب میں چکن گونیا کے 6 مثبت کیسز سامنے آگئے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اکرم شاہ کے مطابق گزشتہ 5 روز کے دوران علاقے میں چکن گونیا کے مجموعی طور پر 105 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔ڈی ایچ او نوشہرہ کے مطابق چکن گونیا کے شبہ میں 15 مریضوں کے نمونے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 6 کے نتائج مثبت آئے۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ مریضوں میں بخار، جوڑوں کی سوزش اور جوڑوں کے درد کی علامات پائی گئیں۔حکام کے مطابق تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور کسی بھی مریض کو ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، تمام مریضوں کو ڈے کیئر طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا۔ڈی ایچ او کے مطابق اس وبائِ مرض کے باعث براہ راست کسی موت کی اطلاع بھی نہیں ملی۔محکمہ ہیلتھ حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گلیوں اور محلوں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے مچھر مار سپرے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو مچھر دانی استعمال کرنے اور مکمل آستین والے کپڑے پہننے کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت کی، محکمہ ہیلتھ حکام کے مطابق یہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والی وائرل بیماری ہے، اس لیے مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔