Blog
ورزش سے دل کے مریضوں میں موت کا خطرہ کم ہو سکتا ہے تحقیق جرنل آف دی امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئی

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی افراد میں فالج اور قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرنے سے منسلک ہے۔جرنل آف دی امیریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں ناروے کے 87 ہزار سے زائد بالغ افراد کو تقریباً 15 برس تک فالو کیا گیا۔ محققین نے قومی صحت کے ریکارڈز کی مدد سے شرکا میں ایٹریل فبریلیشن فالج اور اموات کا جائزہ لیا۔ایٹریل فبریلیشن دل کی ایک ایسی کیفیت ہے جس میں دل کے اوپری حصے (ایٹریا) کی دھڑکن بے ترتیب یا لرزتی ہوئی ہو جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ کیفیت خون کے لوتھڑے بننے، فالج اور دیگر قلبی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔تحقیق کے نتائج کے مطابق جو افراد ایٹریل فبریلیشن کے باوجود باقاعدگی سے جسمانی سرگرمی کرتے رہے، ان میں فالج کا خطرہ کم اور طویل عرصے تک زندہ رہنے کے امکانات زیادہ دیکھے گئے۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سفارش ہے کہ بالغ افراد ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل شدت یا 75 منٹ زیادہ شدت والی ایروبک ورزش کریں جبکہ ہفتے میں کم از کم دو دن پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزش بھی معمول کا حصہ بنائیں