Blog
ٹرمپ کا وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہ کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مثبت بات چیت جاری ہے، تاہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال جاری ہے، تاہم کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب ایران نے یورینیم کی افزودگی ترک کرنے یا اپنے ذخیرے کو حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔ ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز کی صورت حال دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کی اہم وجوہات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے باعث امریکا میں تیل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے نے بھی داخلی سیاست کو متاثر کیا ہے، جبکہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن جماعت کو کانگریس میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔