Pakistan

پشاور کے حافظ آباد میں 11 کلو وزنی پریشر ککر بم برآمد، پولیس اور بی ڈی ایس کی بروقت کارروائی

پشاور: پشاور کے علاقے یکہ توت کے حافظ آباد میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا، جس سے گنجان آباد علاقے میں ممکنہ بڑے سانحے کا خطرہ ٹل گیا۔
پولیس کے مطابق ایک بند مکان میں مشکوک پریشر ککر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ماہر ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے بم کو ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ مکان تقریباً پانچ سے چھ ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ تعمیراتی کام کے سلسلے میں مکان کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر برآمد ہوا، جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی پر پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پولیس کے مطابق پولیس اور بی ڈی ایس کی فوری کارروائی سے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے اور علاقے کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *