Pakistan

پیٹرول سستا آج سے پیٹرول 3 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا، ڈیزل 31 پیسے مہنگا ہوگیا

اسلام آباد: حکومت نے آج 16 اکتوبر 2026 سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافے کا اطلاق کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 393 روپے 86 پیسے سے کم کرکے 390 روپے 23 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جس سے صارفین کو فی لیٹر 3 روپے 63 پیسے کا ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ اس سے قبل ڈیزل 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقررہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ قیمتوں میں تبدیلی عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں، پلیٹس ریٹس اور پریمیم سمیت دیگر عوامل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *