Blog
کراچی میں ڈالا کلچر ختم ہونا چاہیے: مرتضیٰ وہاب میئر کراچی نے مسلح گارڈز کے ساتھ گھومنے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کردیا

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صفورا چورنگی پر جامعہ کراچی کے اساتذہ پر تشدد کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ڈالا کلچر ختم ہونا چاہیے۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ استادوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے، جامعہ کراچی کے استاد پر تشدد کا واقعہ افسوسناک ہے اور اس کا مقدمہ درج ہوچکا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ عوام کے مسائل کے لیے احتجاج کرنا حق ہے، تاہم احتجاج قانون کے دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے اور ایسی شاہراہیں بند نہیں کی جانی چاہئیں جہاں سے روزانہ لاکھوں افراد گزرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم سمیت شہر کے دیگر مسائل پر سیاسی کشیدگی کے بجائے باہمی مشاورت سے حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں ہر شخص اپنے ساتھ گارڈز لے کر گھوم رہا ہے، اس رجحان کو ختم کرنے کے لیے سب کو قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہوگا۔