Pakistan

خیبرپختونخوا، بلوچستان میں آپریشنز، 49 دہشت گرد ہلاک دھماکا خیز مواد، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 49 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف انسداد دہشت گردی مہم کے تحت کیے گئے آپریشنز میں 49 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد مارے گئے، ان آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹ، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے تباہ کردی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مستونگ، ماشکیل، خضدار اور پنجگور اضلاع میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تباہ کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف انسداد دہشت گردی مہم کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کو کاری ضربیں لگائی گئی ہیں جب کہ ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں اور علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی یا دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں، غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *