Blog
خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ،الرٹ جاری

پشاور:خیبر پختونخوا میں 29اگست سے 5ستمبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمندمیں بھی بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4ستمبرتک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31اگست سے 5 ستمبر تک شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریزکرنے کا مشورہ دیا ہے۔شدید بارش کے دوران ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عوام کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہنے جبکہ پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال کی 24گھنٹے نگرانی جاری ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ٹول فری ہیلپ لائن 1700پر رابطہ کرسکتے ہیں