Blog
ایم کیو ایم سندھ کی تقسیم کی کوشش میں مصروف ہے، پیپلز پارٹی پمز ہسپتال کی تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے، سینیٹر پلوشہ خان

اسلام آباد: پیپلز پارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کافی عرصے سے سندھ کی تقسیم کی کوشش میں مصروف ہے۔وفاقی دارالحکومت میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان، رکن قومی اسمبلی سحر کامران اور سید سبط الحیدر بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی بل کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ حکومت نے یہ بل واپس لے لیا ہے۔سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ حکومت نے اسے متنازع بل تسلیم کرکے واپس لیا، جسے سراہتے ہیں۔ اس کا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے، جنہوں نے اپنے بنیادی حقوق پر سمجھوتا نہیں کیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی بل روکنے میں اپنا کردار ادا کیا۔پلوشہ خان نے کہا کہ وفاقی وزراء کی ظفر موج اس بل کے قصیدے پڑھ رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی عوام کے آئینی حقوق چھیننے کی کوشش کی جائے گی، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔پلوشہ خان نے پمز کے اندوہناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں 14 بچوں کی جان چلی گئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ شواہد مٹانے اور حقائق چھپانے کی کوشش کی جاسکتی ہے، لہٰذا رپورٹ فوری طور پر عوام کے سامنے لائی جائے۔