Pakistan

بلوچستان میں 36دہشتگرد ہلاک،کئی ٹھکانے تباہ گولہ باروداوردیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات برآمد

راولپنڈی:پاک فوج کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 36دہشت گرد ہلاک کئے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36دہشتگرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 4ستمبر 2026کو مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 6بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا،کارروائی میں 26دہشت گرد ہلاک ہوئے۔قلات میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں بھی سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48سے 72گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔بیان کے مطابق سال 2026کے دوران بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے نتیجے میں اب تک 1188سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *