Blog
ایم ڈی کیٹ آنسر کیز سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج

کراچی: ایم ڈی کیٹ کی مبینہ متنازع آنسر کیز کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC)، سکھر آئی بی اے، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سمیت 6 فریقین کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ اور آنسر کیز امیدواروں کے لیے فوری طور پر ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں، جبکہ تین روز کے اندر دونوں دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کو سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں صرف جوابی شیٹ کی کاربن کاپی فراہم کی گئی۔ پرچہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے امیدوار مبینہ طور پر متنازع جوابات یا آنسر کیز پر مؤثر اعتراض بھی نہیں اٹھا سکتے۔
وکیل محمد نواز ڈاہری کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر کو منعقد ہوا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ چند نمبروں کا فرق بھی امیدوار کے میرٹ اور میڈیکل کالج میں داخلے پر اثر انداز ہوسکتا ہے، اس لیے امتحانی عمل میں شفافیت کے لیے سوالیہ پرچہ اور آنسر کیز پبلک کرنا ضروری ہے۔
درخواست میں سندھ ہائی کورٹ سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے اور داخلوں کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے، جب تک سوالیہ پرچے اور آنسر کیز کو امیدواروں کے سامنے رکھ کر معاملے کو شفاف نہ بنایا جائے۔