Pakistan

افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی، 22 ہلاک

وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے افغانستان میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں، جن میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ کارروائیاں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے کیمپوں اور محفوظ ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیاں افغانستان میں 2 مقامات پر کی گئیں۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔ وزارتِ اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ کارروائی میں زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی اور ممکنہ کولیٹرل ڈیمیج سے بچنے کو یقینی بنایا گیا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان کو افغانستان سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے اور افغانستان میں دہشت گردی کے مراکز کا موجود رہنا پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *