Blog
حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات آج ہونگے

لانگ مارچ، ایمرجنسی اور گورنر راج کے خدشات کے درمیان حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات آج ہوں گے، جس میں دونوں جانب سے قائدین کھل کر اپنا موقف پیش کرینگے، اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا ہے، ان کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن وفود کی ملاقات آج دوپہر 12 بجے سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کرے گی۔حکومتی وفد میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا، جس میں سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا