Blog
پولیس چوکی حملہ پشاور میں فائرنگ کا تبادلہ، ایک اہلکار شہید

پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں نے سپین میلہ پولیس پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
سی سی پی او پشاور کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جب دہشت گردوں نے پولیس پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ اس دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور شدید جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو پسپا ہونا پڑا۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران متعدد حملہ آوروں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ان اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔