Pakistan

ایم این ایز ناراض سلمان اکرم راجہ کی ٹویٹ پر پی ٹی آئی اراکین اسمبلی ناراض، مشاورت کا مطالبہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی ٹویٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل سیاسی حالات میں منتخب نمائندوں پر الزامات لگانے کے بجائے ان کا ساتھ دینا چاہیے۔اراکینِ صوبائی اسمبلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ حالات میں ایسے بیانات پارٹی کے اندر باہمی اعتماد اور اتحاد کو متاثر کر سکتے ہیں، انہوں نے زور دیا کہ اختلافات اور تحفظات کو سوشل میڈیا پر زیر بحث لانے کے بجائے پارٹی کے اندر مشاورت اور شواہد کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا اسمبلی اراکین کے مطابق، صوبے کے منتخب نمائندے سیاسی دباؤ، مقدمات اور گرفتاریوں سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں پارٹی قیادت کو اراکین کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ منتخب نمائندے عوامی مینڈیٹ کے تحت اسمبلی میں موجود ہیں، اس لیے ان کے سیاسی کردار، فیصلوں اور قربانیوں کو محض الزامات کی بنیاد پر متنازع بنانا مناسب نہیں۔صوبائی اسمبلی کے اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی کے اندر کسی بھی اختلاف یا تحفظات کو عوامی سطح پر بیان کرنے کے بجائے باقاعدہ مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ان کے مطابق، پارٹی کے اندر اعتماد، احترام اور باہمی مشاورت برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ سیاسی مشکلات کے دوران جماعت متحد رہ سکے۔ اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبے سے متعلق سیاسی فیصلوں میں زمینی حقائق اور صوبائی پارلیمانی پارٹی کی رائے کو اہمیت دی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *