Blog
آٹے کی نئی پالیسی پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا بند، رمضان میں پھل کنٹرول نرخوں پر فروخت کرنے کی ہدایت

لاہور: پنجاب حکومت نے آٹے کی فروخت کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مارکیٹ میں 20 کلو کے تھیلے کی فروخت بند کرکے صرف 10 کلو آٹے کے تھیلے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے صوبے کی سرحدوں پر سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اقدامات مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں گندم کی بوائی کے مقررہ اہداف پورے کرنے اور سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نمبردار، گھوڑی پال اسکیم اور ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ اسکیم کے تحت آنے والی تمام اراضی پر گندم کاشت کی جائے گی۔
مریم نواز نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو پھل کنٹرول نرخوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر میں منڈی مارٹس قائم کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے گندم کی کاشت کے اہداف پورے کرنے، آٹے کی فراہمی کے نظام میں تبدیلی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نگرانی سخت کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔