Blog
پی ٹی آئی متحد سیاسی سپیس نہ ملا تو احتجاج پر غور ہو سکتا ہے، شوکت یوسفزئی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے فارورڈ بلا کی خبریں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی متحد ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس کا حق ملنا چاہئے ، سیاسی سپیس نہ ملا تو احتجاج پر غور ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 دن گزر گئے، اس دوران حکومت کا کوئی واضح وژن سامنے نہیں آیا، حکومت کی پالیسیوں، معاشی مشکلات، مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کو مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی سپیس نہ ملا تو تحریک انصاف دوبارہ احتجاج شروع کرنے پر غور کر سکتی ہے، انہوں نے پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے اور پارٹی عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھائے گی۔سابق صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے لیے حکومت نے آئینی تقاضے پورے نہیں کیے، ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کا نفاذ سابق قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام کو ختم کرنے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے اس معاملے پر پشاور ہائی کورٹ سے اہم فیصلے کی توقع ظاہر کی، تحریک انصاف کو سیاسی سپیس ملنی چاہیے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی حکومتی رویے پر منحصر ہوگی۔ ان کے مطابق پارٹی اس وقت مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے درمیان کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پُرامن جدوجہد کی ہے اور انہوں نے کبھی جیل توڑ کر عمران خان کو باہر نکالنے کی بات نہیں کی، ان کے مطابق وہ پارلیمانی پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور پارٹی عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے اداروں کے خلاف بعض یوٹیوبرز کے بیانیے سے بھی لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مؤقف کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔شوکت یوسف زئی نے بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کے حوالے سے کہا کہ انہیں اب پارٹی کو مشورے دینے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے، کیونکہ پارٹی اپنی سیاسی حکمت عملی خود طے کرے گی۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکرات کی راہ نکل سکتی ہے، ان کے مطابق عمران خان چاہتے ہیں کہ عدالتیں ان کے مقدمات کی سماعت کریں۔