Blog
راشد خان کا نیا ریکارڈ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے

افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، وہ اس فارمیٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔
راشد خان نے یہ تاریخی سنگ میل شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حاصل کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔
یہ راشد خان کا 120واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 2015 میں بھی زمبابوے کے خلاف ہی اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ احسان خان اور ایش سودھی 165، ٹم ساؤتھی 164 اور ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔