Blog
چیونٹیوں کی چوری انگلینڈ میں نایاب چیونٹیوں کا پورا بل چرا لیا گیا۔

انگلینڈ میں چیونٹیوں کی نایاب نسل کی پوری کالونی چوری ہونے کا غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ کے مطابق یہ بل جنوبی ڈیون کے علاقے چڈلی نائٹن ہیتھ نیچر ریزرو سے بغیر اجازت نکال کر لے جایا گیا۔
چوری ہونے والی چیونٹیاں نیرو ہیڈڈ اینٹس (Narrow-headed Ants) کہلاتی ہیں۔ ایک بل میں ایک ہزار سے پانچ ہزار تک چیونٹیاں موجود ہو سکتی ہیں، جبکہ اس میں افزائشِ نسل کرنے والی ایک یا اس سے زائد ملکہ چیونٹیاں بھی شامل ہوتی ہیں، جو 25 سال تک زندہ رہ سکتی ہیں۔
ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ کے محققین کو اکتوبر کے وسط میں معمول کی نگرانی کے دوران ایک معروف بل غائب ملا۔ جائے وقوعہ پر زمین کھودی جانے کے واضح نشانات بھی موجود تھے، جس سے شبہ ظاہر کیا گیا کہ بل کو کدال کے ذریعے نکالا گیا۔
حکام کے مطابق چڈلی نائٹن ہیتھ انگلینڈ میں اس نایاب نسل کی چیونٹیوں کا آخری بڑا مسکن ہے۔ حالیہ سروے میں اس مقام پر چیونٹیوں کے 142 فعال بل ریکارڈ کیے گئے تھے۔ اس نسل کی تعداد گزشتہ سو برس کے دوران قدرتی مسکن ختم ہونے اور تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث مسلسل کم ہوئی ہے۔
وائلڈ لائف ٹرسٹ کی عہدیدار جولیا بالفور کے مطابق ایک مکمل کالونی کی افزائش میں کئی سال لگتے ہیں اور ایک بل کا ضائع ہونا بھی اس نایاب نسل کے تحفظ کی کوششوں کو کئی سال پیچھے دھکیل سکتا ہے۔
ادارے نے واقعے کی اطلاع ڈیون اینڈ کارنوال پولیس کو دے دی ہے، جبکہ پولیس نے عوام سے کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ حکام نے قدرتی محفوظ مقام کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور نگرانی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔