Blog
نئے صوبوں کا فیصلہ عوام کریں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر محسن نقوی کا بیان ذاتی رائے ہے، گڈ گورننس ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

سلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، اس معاملے پر فیصلہ عوام اور آئینی طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وہ محسن نقوی کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے کیونکہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا اختیار عوام اور آئین کے مطابق متعلقہ اداروں کے پاس ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ گڈ گورننس پاکستان کے استحکام، ترقی اور قومی سیکیورٹی کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ انتظامی ڈھانچہ بڑی حد تک وہی ہے، اس لیے بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے مختلف انتظامی امور پر غور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اہم قومی معاملے پر فیصلے آئینی تقاضوں، عوامی رائے اور جمہوری عمل کے مطابق ہونے چاہییں تاکہ ملک میں استحکام اور مؤثر حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے