Pakistan

نوشکی آپریشن، خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد ہلاک، ٹھکانہ تباہ فورسز نے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی موقع پر ہی تلف کر دیا

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے، جبکہ ان دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 30 اور 31 جولائی 2026 کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیاب کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جن میں سے خودکش بمبار بھی شامل تھے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے وہاں موجود اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی موقع پر ہی تلف کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *