Latest

فرانزک لیب کو میر رضا کے 17 میں سے صرف 6 نمونے موصول موصولہ 6 نمونوں میں 4 لاش سے جبکہ 2 والدین سے حاصل کیے گئے ہیں۔

کراچی کے ہائی پروفائل میر رضا علی قتل کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں شدید تاخیر اور مبینہ غفلت کی خبروں کے بعد بالآخر جامعہ کراچی کی فرانزک لیبارٹری کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے چھ نمونے موصول ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان موصول ہونے والے نمونوں میں سے چار مقتول کی لاش سے حاصل کیے گئے ہیں جبکہ دو نمونے ان کے والدین کے ہیں جو شناخت کی تصدیق کے لیے بطور ریفرنس استعمال ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ان ٹیسٹ کی رپورٹ جلد از جلد جاری ہونے کا امکان ہے، جس سے سائنسی طور پر یہ معلوم ہو سکے گا کہ قبر کشائی کے بعد حاصل کی گئی لاش میر رضا کی ہی ہے یا نہیں۔
اس پیش رفت سے قبل، کیس کی تفتیش میں پولیس کی شدید غفلت اس وقت بے نقاب ہوئی جب یہ معلوم ہوا کہ ہفتے کے روز ہونے والی قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 اہم فرانزک نمونے حاصل کیے گئے تھے، لیکن کئی روز گزرنے کے باوجود انہیں لیب نہیں پہنچایا گیا تھا۔
اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تمام نمونے تفتیشی افسر کے حوالے کر دیے گئے تھے اور ان سیمپلز کو لیبارٹری تک بروقت پہنچانا مکمل طور پر کیس کے تفتیشی افسر کی ہی ذمہ داری ہے۔
دوسری طرف، کیس کے موجودہ تفتیشی افسر غضنفر علی نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں حال ہی میں تفتیشی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے اور وہ سابقہ ٹیم میں شامل نہیں تھے، اس لیے وہ نمونوں میں ہونے والی تاخیر پر فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، البتہ نئی ٹیم نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔
اس سنگین تاخیر پر مقتول کے اہلِ خانہ کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا اور سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈی این اے اور دیگر اہم نمونوں کے لیب نہ پہنچنے کی اطلاعات انتہائی تشویش ناک ہیں اور اس تاخیر پر متعلقہ تفتیشی افسران کو جواب دینا ہوگا۔ یاد رہے کہ میر رضا علی 28 جولائی کو فیروز آباد سے لاپتہ ہوئے تھے اور اگلے روز ان کی لاش گلستانِ جوہر میں ایک گیسٹ ہاؤس کے پاس سے ملی تھی۔ پولیس نے ابتداء میں اسے خودکشی قرار دینے کی کوشش کی تھی، تاہم عدالت کے حکم پر ہونے والی قبر کشائی اور دوسرے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نے سچائی اگل دی۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں تصدیق ہوئی کہ مقتول کے جسم پر بدترین تشدد کیا گیا تھا، ان کی پسلیاں، دانت اور کھوپڑی ٹوٹی ہوئی تھی اور گولی بھی پیچھے سے ماری گئی تھی، جس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی۔
تفتیشی ٹیم اب میر رضا کے موبائل فون کے ریکارڈ کی بھی جانچ کر رہی ہے جس کے مطابق انہوں نے موت سے قبل علی اور اپنے ایک دوست عبداللہ سے بات کی تھی، جبکہ ان کے فون پر آخری آٹھ پیغامات ایسے ملے جن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *