پاکستانی اداکارہ فضا علی نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اعجاز خان کے ساتھ سادگی اور نجی تقریب میں نکاح کر لیا ہے۔اداکارہ نے عیدالفطر کے پہلے روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے شوہر اور بیٹی بھی نظر آ رہے ہیں۔ ان تصاویر میں ان کی نئی زندگی کے خوشگوار لمحات واضح طور پر جھلک رہے ہیں۔سادہ مگر دلکش انداز میں سامنے آنے والی ان تصاویر میں فضا علی سیاہ رنگ کے نیم رسمی لباس کے ساتھ بھورے رنگ کا کڑھائی والا دوپٹہ اوڑھے دکھائی دیں، جبکہ اعجاز خان سادہ شلوار قمیض کے ساتھ سیاہ کوٹ میں ملبوس تھے۔اپنی پوسٹ میں فضا علی نے جذباتی انداز میں لکھا کہ 41 برس کی عمر میں اللہ نے انہیں وہ محبت اور خوشی عطا کی جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہی تھیں، اور اب انہیں اپنا جیون ساتھی مل گیا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ آج سے میں صرف فضا علی نہیں بلکہ ’مسز اعجاز خان‘ ہوں، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔خیال رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شادی کے 3 سال بعد دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔بعد ازاں فضا علی نے 2018 میں کاروباری شخصیت ایاز ملک سے شادی کی تھی مگر یہ بھی زیادہ دن تک قائم نہ رہ سکی تھی، فضا علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ شادی تب ہی کریں گی جب انہیں کوئی ایسا شخص ملے جو ان کی بیٹی کو قبول کرے گا
پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں 4.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، جس کے بعد وہ خوفزدہ ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ ریکڑ اسکیل پر زلزلے کی شدت 4۔4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں کا پہاڑی سلسلہ ہندوکش تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 95 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب ریسکیو حکام نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں سے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
پاکستانی شوبز ستاروں کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر اپنی فیملی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو میٹھی عید کی مبارکباد دی گئی ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عیدالفطر نہایت جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے ایسے میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے بھی بھرپور انداز میں عید منائی جس کا اظہار انہوں نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کیا۔شوبز ستاروں نے عیدالفطر پر اپنے مداحوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی خوبصورت تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ نامور پاکستانی اداکار بلال قریشی نے اپنی والدہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’دل سے دعا ہے کہ دنیا میں امن اور سلامتی ہو‘، عید مبارک!اداکارہ صبور علی نے مختلف پوز بناتے ہوئے اپنی تصاویر شیئر کیں اور چاہنے والوں کو عید کی مبارکباد دی۔پاکستان کی نامور ٹی وی میزبان وسابقہ اینکر پرسن رابعہ انعم نے اپنے شوہر کے ہمراہ مختلف پوز بناتے ہوئے عید کی تصاویر شیئر کیں۔
عیدالفطر کے موقع پر خیبر پختونخوا جانے والے سیاحوں کے لیے خوش خبری ہے، جہاں حکومت نے خصوسی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر، وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کر رہا ہے۔ڈی جی ٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود نے اس حوالے سے بتایا کہ صوبائی حکومت عیدالفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ توقع ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں برس زیادہ سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانگی کے لیے ٹورازم پولیس ڈیوٹیاں سرانجام دے گی۔ اس سلسلے میں بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں ٹورسٹ انفارمیشن اینڈ فسیلیٹیشن سینٹرز عید کے دوران مکمل فعال رہیں گے۔ سیاحوں کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ سیاح کسی بھی مشکل یا ہوٹل کے مسائل کے لیے ٹورازم پولیس سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔عثمان محسود کے مطابق سیاح سفر سے قبل 1422 پر موسم اور راستوں کی معلومات لے سکتے ہیں۔ کے پی ٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے سیاحتی مقامات پر مکمل طور پر متحرک رہیں گے۔
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے فی لیٹر 70 روپے 73 پیسے مہنگا کر دیا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج سے کر دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے پیش نظر کیا گیا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا جس کے باعث عوام کو ان دونوں مصنوعات میں وقتی ریلیف حاصل رہے گا، تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے عوام پر اضافی بوجھ پڑے گا۔
پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔فٹبال کی دنیا کے بہترین کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے عید الفطر کے موقع پر دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مبارک باد کا پیغام جاری کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر نے عید کی مناسبت سے اپنی تصویر بھی شیئر کی جو بظاہر عربی جبہ دکھائی دے رہا ہے۔اپنی پوسٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے لکھا ’سب کو عید مبارک ، اُمید ہے کہ آپ کا یہ دن اپنے خاندان والوں اور پیاروں کے ساتھ بہت خاص ہوگا۔سعودی فٹبالر کلب النصر سے وابستہ اسٹار فٹبالر نے آخر میں تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد بھی دی۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر کرم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر نے آج ضلع کرم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوانوں کے ساتھ عیدالفطر منائی۔کور کمانڈر پشاور کی جانب سے استقبال کے بعد فیلڈ مارشل نے عید کی نماز ادا کر کے ملکی استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔بعد ازاں جوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے پاک فوج کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور آپریشن غضب للحق میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے پر عسکری کامیابیوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہی ہماری کامیابی کا ضامن ہیں۔فیلڈ مارشل نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ سرحد پار سے سرگرم دہشت گردوں کو ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔پاکستان کی خودمختاری کا دفاع ہر قیمت پر جاری رہے گا۔










